جماعت اسلامی کا لوڈ شیڈنگ ،بجلی بلوں کیخلاف مظاہرہ
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)بدترین لوڈ شیڈنگ اور بجلی بلوں میں مسلسل اضافے کیخلاف جماعت اسلامی پی پی 116 کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے میں امیر زون رانا طہ خان ،صدر سیاسی کمیٹی میاں اعجاز ، نائب امراء عمران رشید، ڈاکٹر عبد العلیم، جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن، میاں منیب الرحمن ،میاں الطاف ،اشرف رحمانی، رانا ذیشان، بلال، میاں نعیم، فیصل خلجی اور سہیل قاسمی سمیت سینکڑوں کارکنان اور شہریوں نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا ملک میں توانائی کا بحران انتظامی نااہلی، ناقص منصوبہ بندی اور مہنگے ذرائع پیداوار پر انحصار کا نتیجہ ہے ، جسکا سارا بوجھ عام شہریوں پر منتقل کیا جا رہا ہے ۔ رہنماؤں نے کہا وزیر توانائی کا حالیہ بیان کہ لوڈ شیڈنگ سے عوام کے بجلی بل کم آئیں گے حقائق کے منافی ہے۔ بلکہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ۔سستی بجلی حصول کیلئے پن بجلی، شمسی توانائی اور دیگر متبادل ذرائع پر توجہ دی جائے ۔تاکہ عوام کو ریلیف دیاجا سکے ۔