عوامی جماعت کیلئے نعرے نہیں ،کام کرنا ہوگا :رہنما پیپلز پارٹی
بھٹو کا نام،جیالے کا جذبہ اور جلسے کافی نہیں، عوام کو ریلیف دینا ہوگا :امتیاز چودھری
تتلے عالی(نامہ نگار )پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما امتیاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ عوامی جماعت بننے کیلئے نعرے نہیں پورا سیاسی ڈھانچہ دوبار بنانا ہوگا، آج کی سیاست میں یہ نہیں کہ آپ کون ہیں بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ آپ نے ملک و قوم کیلئے کیا کیا ہے ۔ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عوام تقریروں،نعروں کے بجائے ریلیف اور نتیجہ دیکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو دوبارہ عوامی طاقت بننے کیلئے نام کی سیاست اب صرف بھٹو کا نام،جیالے کا جذبہ اور جلسے کافی نہیں بلکہ عوام بجلی،پٹرول،گیس،آٹا،روزگار،انصاف بارے سوال کرتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اب راستے دو ہیں پارٹی خود کو دوبارہ عوام کے ساتھ جوڑلے یا پھر کتابوں اور تاریخ میں بڑا باب بن کر رہ جائے ۔