پاکستان سرمایہ کاری کیلئے محفوظ ،پرکشش ملک :پرویز اقبال
وطن عزیز کو معاشی طور پر طاقتور بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے
گجرات (نامہ نگار )چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ چودھری پرویز اقبال لوسر نے گجرات میں منعقدہ کانفرنس برائے \"پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ’’سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس کسی عام اجتماع کا نام نہیں بلکہ یہ اس عزمِ مصمم کی عکاس ہے کہ ہم پیارے وطن پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم، خود کفیل اور ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں ، ہمارے یورپین فریم ورک کا بنیادی مقصد ہی یہ ہے کہ کس طرح پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنایا جائے ، دو طرفہ تجارت کو فروغ دیا جائے اور یورپ میں بیٹھے سرمایہ کاروں کو پاکستان کا رخ کرنے پر آمادہ کیا جائے ۔آج پاکستان کو جس چیز کی سب سے زیادہ ضرورت ہے وہ سیاسی استحکام کے ساتھ ساتھ معاشی ڈپلومیسی ہے ۔ اوورسیز پاکستانی صرف ترسیلاتِ زر بھیجنے تک محدود نہیں بلکہ وہ پاکستان کے حقیقی سفیر ہیں ، کانفرنس کے توسط سے میں پوری دنیا اور بالخصوص یورپ کے سرمایہ کاروں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان اب سرمایہ کاری کیلئے محفوظ اور انتہائی پرکشش مارکیٹ بن چکا ہے ، آئیے اس کانفرنس کے توسط سے یہ عہد کریں کہ ہم پاکستان کو دنیا کے نقشے پر معاشی طور پر طاقتور ملک بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments