کوٹ اسحاق کی متعدد گلیوں سے پانی کی نکاسی نہ ہو سکی
نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کے دعوے پہلی بارش سے بے نقاب
لدھیوالہ وڑائچ ، عالم چوک (نامہ نگار،نمائندہ خصوصی )مون سون کی حالیہ بارشوں کے بعد کوٹ اسحاق کی متعدد گلیوں سے بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہو سکی ،ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے نکاسی آب کے تمام دعوے عملی طور پر ناکام دکھائی دے رہے ہیں، میونسپل کمیٹی لدھیوالہ وڑائچ میں عملے کی کمی سے مسائل بڑھنے لگے ۔ بتایا گیا ہے کہ کوٹ اسحاق کے گلہ فروٹ والا سے ملحقہ گلیوں میں 3 روز گزرنے کے بعد بھی مون سون کی بارشوں کاپانی نہ نکل سکا جس سے شہریوں کی آمدورفت شدید متاثر ہو گئی، ماضی میں بھی کوٹ اسحاق میں سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل سامنے آتے رہے ہیں۔
شہریوں نے الزام عائد کیا کہ ہر بار بارش سے قبل بڑے بڑے دعوے کئے جاتے ہیں کہ تمام نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی مکمل کر دی گئی مگر پہلی ہی بارش میں انتظامات کی حقیقت کھل کر سامنے آ جاتی ہے ۔اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد ،اسسٹنٹ کمشنر صدر فیصل مجید اور میونسپل کمیٹی لدھیوالہ وڑائچ کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کوٹ اسحاق میں ہنگامی بنیادوں پر ڈی واٹرنگ مشینیں اور عملہ تعینات کرکے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے ،بند گٹروں کی صفائی کی جائے اور مستقل بنیادوں پر موثر ڈرینج نظام قائم کیا جائے تاکہ شہریوں کو ہر بار مون سون کے موسم میں اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments