وزیرآباد:مرمت کے نام پر طویل بجلی بندش ،زندگی اجیرن

وزیرآباد:مرمت کے نام پر طویل بجلی بندش ،زندگی اجیرن

ننگے اور لٹکتے تار بھی وبال جان ،شکایات کا بروقت ازالہ نہیں کیا جاتا :صارفین

وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )مرمت کے نام پر کی جانے والی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کر دیا۔ شدید گرمی اور حبس کے موسم میں گھنٹوں بجلی کی بندش کے باعث گھروں، دکانوں اور کاروباری مراکز میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی بار بار بندش سے نہ صرف کاروبار متاثر ہو رہے ہیں بلکہ طلبہ کی پڑھائی، گھریلو امور اور مریضوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔متاثرہ سائلین کا کہنا ہے کہ جب وہ بجلی کی بندش یا فالٹ کے حوالے سے گیپکو کے شکایتی مراکز اور متعلقہ اہلکاروں سے رابطہ کرتے ہیں تو شکایات کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ شکایات درج کر انے کے باوجود بروقت کارروائی نہیں کی جاتی جبکہ بعض اوقات فون کالز بھی موصول نہیں کی جاتیں ۔شہریوں نے ایک اور سنگین مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ شہر اور گردونواح کی متعدد گلیوں اور محلوں میں بجلی کے ننگے اور لٹکتے ہوئے تار موت بن کر منڈلا رہے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ مرمت کی آڑ میں ہونے والی غیر ضروری لوڈ شیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے ، گلی محلوں میں لٹکتے اور ننگے بجلی کے تاروں کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...