گجرات یونیورسٹی منڈی بہاؤالدین ،نشستیں کم کرنے پر احتجاج
رسول یو نیورسٹی میں داخلے بڑھانے کیلئے اقدام :ذرائع ،حکومت نو ٹس لے :متاثرین
منڈی بہاؤالدین (نمائندہ دنیا،ڈسٹرکٹ رپورٹر )گجرات یونیورسٹی سب کیمپس منڈی بہا ئوالدین کے وائس چانسلر کو دو یونیورسٹیز کا چارج ملنے پر نئے سال کے داخلے مشکلات کا شکار ہو گئے ، ذرائع کے مطابق وی سی گجرات کو یونیورسٹی آف رسول کا چارج دے دیا گیا ہے جس کی وجہ سے اس یونیورسٹی کو منڈی بہا ئوالدین میں کامیاب بنانے کیلئے 5سال سے کام کرنے والے گجرات یونیورسٹی کے سب کیمپس میں داخلوں کی تعداد کو کم کر دیا گیا جس پر طلبہ وطالبات اور والدین سراپا احتجاج بن گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال گجرات یونیورسٹی سب کیمپس منڈی بہا ئوالدین میں کمپیوٹر سائنس کے شعبہ میں 180 طلبہ و طالبات کو داخلہ دیا گیا لیکن اس سال صرف 40 نشست رکھی گئی ہیں جبکہ طلبہ و طالبات کی 600سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، اسی طرح دیگر مضامین میں بھی تعداد کو کم کر دیا گیا ہے تاکہ رسول یونیورسٹی کو ایڈمیشن کیلئے کامیاب کر ایا جا سکے جس سے والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ والدین نے وفاقی حکومت اور ایچ ای سی سے مطالبہ کیا ہے کہ گجرات یونیورسٹی کے سب کیمپس منڈی بہا ئوالدین کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک اور طلبہ کے داخلوں کی سیٹوں کو جان بوجھ کر کم کرنے کا نوٹس لیا جائے اور سابق تعداد کو بحال کیا جائے ۔والدین نے گجرات یونیورسٹی کیلئے نئے وی سی کی تعیناتی کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments