ٹینریز کا آلودہ پانی نالوں میں جانے لگا،انتظامیہ خاموش
بدبو اور آلودہ ماحول کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )سیالکوٹ میں ٹینریز ماحولیاتی آلودگی کا باعث، کیمیکل ملا پانی نالوں میں چھوڑنے کا مبینہ انکشاف، انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی ۔سیالکوٹ میں چمڑا تیار کرنے والی ٹینریز مبینہ طور پر ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا باعث بننے لگی ہیں جہاں کیمیکل ملا آلودہ پانی مناسب ٹریٹمنٹ کے بغیر نالوں میں چھوڑے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ صنعتی فضلے اور کیمیکل زدہ پانی کے باعث نہ صرف آبی آلودگی بڑھنے کا خدشہ ہے بلکہ اردگرد کے ماحول پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق ٹینریز سے اٹھنے والی بدبو اور آلودہ ماحول کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں دشواری، خارش اور جلدی الرجی جیسی شکایات کا سامنا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ طویل عرصے سے جاری اس صورتحال کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر اور مستقل کارروائی دکھائی نہیں دے رہی۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹینریز سے خارج ہونے والے پانی اور صنعتی فضلے کے نمونے فوری طور پر لیبارٹری سے چیک کرائے جائیں اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی یونٹس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ، صنعتی فضلے کی مناسب ٹریٹمنٹ کے لیے مؤثر نظام بھی یقینی بنایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments