گجرات:بچے کے جنازے اور تدفین میں رکاوٹ پر مقدمہ
قبرستان میں میت کی تدفین سے روکنے پر اہلِ خانہ نے پولیس سے رجوع کر لیا معاملہ ہمارے قبرستان سے راستے کا ہے ،کسی کو تدفین سے نہیں روکا :ظفر اقبال
گجرات (نامہ نگار ، سٹی رپورٹر)کالر ہ پنواں میں کمسن بچے کا جنازہ پڑھنے سے روکنے اور تدفین میں رکاوٹ ڈالنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا ، واقعہ تھانہ صدر کی حدود میں پیش آیا، چند افراد نے جنازہ پڑھنے سے روک کر اہلِ خانہ کو مبینہ طور پر دھمکیاں دیں،قبرستان میں میت کی تدفین سے روکنے پر اہلِ خانہ نے پولیس سے رجوع کر لیا،پولیس نے درخواست پر مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی، پو لیس نے ملزموں کی گرفتای کیلئے چھاپے مارنا شروع کر دئیے ۔ اوورسیز پاکستانی و کرکٹر بھائی آف کالرہ پنواں چودھری ظفر اقبال نے کہا ہے کہ بچے کی تدفین کے معاملے کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے ، اصل تنازع تدفین نہیں بلکہ قبرستان کے راستے کا ہے ، ہمارا خاندانی قبرستان ڈیڑھ ایکڑ رقبے پر قائم ہے ، ہم نے صرف اس کے تقدس اور تحفظ کا دفاع کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دو تین ماہ سے متعلقہ افراد سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ایک کنال رقبے پر قائم قبرستان کیلئے الگ راستہ بنایا جائے مگر ابھی تک کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ گزشتہ روز بچے کا جنازہ میں نے خود پڑھا اور تدفین بھی ہوئی، کسی کو نہیں روکا گیا۔ ظفر اقبال نے کہا کہ ہمارا کسی سے اختلاف نہیں، تدفین پر اعتراض نہیں، صرف آبائی قبرستان سے گزرنے کے بجائے علیحدہ قانونی راستہ بنایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments