محتسب پنجاب عوامی مسائل کے حل کا مؤثر ادارہ :محمد الیاس گل
سائل کو نہ وکیل کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی کسی سفارش کی:ایڈوائزر محتسب پنجاب
بھیرہ (نامہ نگار) ایڈوائزر محتسب پنجاب و انچارج ریجنل آفس سرگودھا محمد الیاس گل نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کی مشکلات کے ازالے کے لیے محتسب پنجاب ایک مؤثر ادارہ ہے ، جہاں سائل کو نہ وکیل کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی کسی سفارش کی۔ شہری بلا معاوضہ اپنی شکایات درج کرا کے فوری ریلیف حاصل کر سکتے ہیں۔وہ بھیرہ پریس کلب رجسٹرڈ میں علاقائی مسائل کے حل کے لیے منعقدہ کھلی کچہری کے دوران سائلین سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بھیرہ پریس کلب کے صدر شاہین فاروقی اور ان کے رفقا کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد قابلِ تحسین کاوش ہے ۔اس موقع پر چیف آفیسر بلدیہ بھیرہ مہر ندیم منظور، ناہیدہ محبوب الٰہی فاؤنڈیشن کے چیئرمین خواجہ زاہد نسیم ایڈووکیٹ، ویلفیئر کونسل تحصیل بھیرہ کے صدر چودھری خالد محمود، پاکستان پیپلز پارٹی بھیرہ کے صدر چوہدری طارق امیر بلوچ، یوتھ آرگنائزیشن کے وائس چیئرمین ملک اسد خان بلوچ سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔کھلی کچہری میں خواتین سمیت درجنوں شہریوں نے صوبائی محکموں سے متعلق اپنی شکایات اور مسائل پیش کیے ، جنہیں محمد الیاس گل نے تفصیل سے سنا اور ان کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ عوامی شکایات کے ازالے میں غیر ضروری تاخیر اور غفلت سے گریز کیا جائے اور تمام معاملات قانون اور میرٹ کے مطابق فوری حل کیے جائیں۔محمد الیاس گل نے کہا کہ محتسب پنجاب کا ادارہ سرکاری محکموں کی بدانتظامی، غیر ضروری تاخیر اور ناانصافی کے خلاف شہریوں کو بلا معاوضہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے ۔ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف اور شکایات کے ازالے کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں اپنے مسائل کے حل کے لیے سرکاری دفاتر کے غیر ضروری چکر نہ لگانے پڑیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments