کمرمشانی واپڈا سرکل میں 60 فیصد سے زائد اسامیاں خالی

کمرمشانی واپڈا سرکل میں 60 فیصد سے زائد اسامیاں خالی

عملے کی شدید کمی اور بوسیدہ بجلی کی لائنوں کے باعث بجلی بند رہنا معمول

کمرمشانی (نمائندہ دنیا (کمرمشانی واپڈا سرکل میں ایک سو پچاس سے زائد منظور شدہ اسامیوں کے باوجود 60 فیصد سے زائد آسامیاں عرصہ دراز سے خالی پڑی ہیں، جبکہ فیلڈ میں کام کرنے والے لائن مین نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔ عملے کی شدید کمی اور بوسیدہ بجلی کی لائنوں کے باعث معمولی ہوا، بارش یا فنی خرابی پر بھی متعدد علاقوں کی بجلی چوبیس چوبیس گھنٹے سے زائد بند رہنا معمول بن گیا ہے ، جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔ کمرمشانی سرکل میں اللہ خیل فیڈر سمیت دس سے زائد فیڈرز شامل ہیں، جن کے ذریعے پہاڑی اور وسیع میدانی علاقوں کو بجلی فراہم کی جاتی ہے ، مگر بیشتر فیڈرز کی لائنیں خستہ حالی کا شکار ہیں۔ آئے روز تاریں ٹوٹنے ، پول گرنے اور ٹرانسفارمر خراب ہونے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں، جبکہ محدود عملے کے باعث فالٹس کے بروقت ازالے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایم سی کمرمشانی اور گردونواح کے کئی علاقے معمولی ہوا چلنے پر بھی بجلی سے محروم ہو جاتے ہیں اور بعض اوقات چوبیس گھنٹے سے زائد بجلی بند رہتی ہے ، جس سے گھروں میں پانی کی قلت، کاروبار کی بندش اور شدید گرمی میں عوام کو اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ متاثرین متعدد بار متعلقہ دفاتر کے چکر لگا چکے ہیں، مگر تاحال مستقل حل نہیں نکالا جا سکا۔عوامی و سماجی حلقوں نے وزیرِ پانی و بجلی، چیف فیسکو، ایس ای میانوالی اور ایکسین کالا باغ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمرمشانی سرکل میں خالی آسامیوں پر فوری بھرتیاں کی جائیں، لائن مینوں کی تعداد بڑھائی جائے اور بوسیدہ بجلی کی لائنوں اور ٹرانسفارمرز کی ہنگامی بنیادوں پر تبدیلی عمل میں لائی جائے۔ تاکہ صارفین کو بار بار کی طویل بجلی بندش اور ذہنی اذیت سے نجات مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...