کامسیٹس یونیورسٹی میں دی امپرفیکٹ کینوس نمائش کا افتتاح
نمائش میں پاکستان بھر سے 35ممتاز فنکاروں کے فن پارے شامل کیے گئے ہیں
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) وزیراعظم یوتھ پروگرام کی فوکل پرسن، ڈاکٹر روبینہ اعوان نے کامسیٹس یونیورسٹی کے اسلام آباد کیمپس میں منعقدہ فنونِ لطیفہ کی نمائش ’’دی امپرفیکٹ کینوس‘‘ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر کامسیٹس یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر راحیل قمرنے یونیورسٹی کے دیگر سینئر عہدیداران کے ہمراہ مہمانِ خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا۔ نمائش انسانی روح اور عصرِ حاضر کے حالات کے مابین کشمکش کی ایک ایسی گہری اور بامعنی عکاس ہے، جس میں زندگی کی پیچیدگیوں اور آزمائشوں کو محض کمزوری نہیں بلکہ ارتقا، نمو اور باطنی تبدیلی کے محرکات کے طور پر پیش کیا گیا۔ معروف کیوریٹر فرح محمود رانا کی زیرنگرانی سجائی گئی اس نمائش میں پاکستان بھر سے 35ممتاز فنکاروں کے فن پارے شامل کیے گئے۔ نمائش میں مختلف اقسام کے فن پارے شامل ہیں، جن میں مجسمہ سازی، فوٹوگرافی اور پینٹنگز شامل ہیں۔