شیشہ بارز والے ہوٹل بند کرنے کا حکم
تمباکونوشی انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ہے ، شیشہ بارز نوجوان نسل کو تباہ کر رہے ہیں ، جوڑوں سے نکاح نامہ مانگنے پر اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، پولیس چیفملزمان تقریبات کے بعد مہمانوں بالخصوص خواتین سے سونا اور دیگر قیمتی سامان لوٹتے ہیں،شادی ہالز رات بارہ بجے بند کردیئے جائیں،امیرشیخ کا وزارت داخلہ کو خط
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر احمد شیخ کی جانب سے پولیس کو شیشہ بارزجیسی سہولت فراہم کرنے والے ہوٹلوں یا ریسٹورنٹس کو فوری بند کرانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے احکامات میں کہا ہے کہ تمباکو نوشی انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر اور شیشہ بارز نوجوان نسل کو تباہ کر رہے ہیں جبکہ سپریم کورٹ نے سال 2015 میں شیشہ بارز پر پابندی کے سخت احکامات جاری کر رکھے ہیں۔ایڈیشنل آئی جی نے ایک خط میں تینوں زونز کے ڈی آئی جیز کو احکامات جاری کر دیئے ۔علاوہ ازیں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے جوڑوں سے نکاح نامہ مانگنے پر پولیس اہلکاروں کو سخت کارروائی کی تنبیہ کردی۔جنوبی، غربی اور شرقی زونز کے ڈی آئی جیز کو لکھے گئے خط میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے عمومی شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ موبائل اور موٹر سائیکلوں پر گشت کرنے والے پولیس اہلکار جوڑوں سے شوہر اور بیوی ہونے کا ثبوت یعنی ’نکاح نامہ‘ طلب کرکے انہیں ہراساں اور ان کی تذلیل کرتے ہیں۔خط میں ڈی آئی جیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ماتحت پولیس عملے کو کسی سے نکاح نامہ طلب نہ کرنے کی سخت ہدایات جاری کریں۔خط میں انتباہ کیا گیا کہ مستقبل میں ایسی کسی شکایت کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور پولیس افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے تفریحی مقامات پر جوڑوں سے نکاح نامہ مانگے جانے کی شکایات سامنے آرہی تھیں۔ مزید برآں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے محکمہ داخلہ سندھ کو درخواست کرتے ہوئے کہا کہ شادی ہالز رات بارہ بجے بند کردیئے جائیں،پابندی دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت لگائی جائے ۔ خط کے متن کے مطابق شادی ہالوں میں آدھی رات تک تقریبات چلتی رہتی ہیں، ملزمان تقریبات کے بعد مہمانوں بالخصوص خواتین سے سونا اور دیگر قیمتی سامان لوٹتے ہیں، میزبان اور مہمانوں کے جان و مال کے تحفظ کے پیش استدعا کی جارہی ہے اور پابندی دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت لگائی جائے ، برائے مہربانی رات 11 بج کر 59 منٹ پر ہال بند کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں، پابندی نہ کرنے والے شادی ہال،بینکوئٹ اور لانز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔