روہڑی:دکان میں نقب لگاکر چوری، صدمے سے چوکیدار چل بسا

روہڑی:دکان میں نقب لگاکر چوری، صدمے سے چوکیدار چل بسا

نقب دیکھ کروکیل احمد کودل کا دورہ پڑا، دکان سے ایک لاکھ روپے ، سامان چوریمحراب پور میں مہندی کی رات حرکت قلب بند ہونے سے دولہا بننے والا جاں بحق

روہڑی، محراب پور (نمائندگان)روہڑی میں دکان میں نقب دیکھ کر چوکیدار صدمے سے چل بسا، جبکہ محراب پور میں مہندی کی رات دولہا بننے والا نوجوان خالق حقیقی سے جا ملا۔ روہڑی کے جھانگڑو تھانے کی حدود علی واہن چوکی کے قریب گزشتہ شب چوروں نے ذوالفقار علی بھیو کے کریانہ اسٹور کی چھت کو نقب لگا کر ایک لاکھ روپے ، ہزاروں مالیت کا سامان پتی، دودھ، گھی، سگریٹ ودیگر اشیاء لے اڑے ، واردات کے خلاف دکانداروں نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ دکان سے ایک لاکھ روپے ، پچاس ہزار روپے کا سامان چوری ہوا ہے ، ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے مسروقہ سامان واپس کروایا جائے۔

چوری کی اطلاع پر علاقے میں تعینات چوکیدار 50 سالہ وکیل احمد سومرو پہنچا تو نقب لگی چھت دیکھ کر صدمے سے حرکت قلب بند ہونے سے گر گیا، اور ہسپتال منتقلی کے دوران چل بسا۔ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا، مرحوم خاندان کا واحد کفیل تھا۔ دوسری جانب محراب پور کے کمبوہ محلے میں مرحوم عبد الخالق کمبوہ کا بیٹا لالہ عثمان کمبوہ مہندی کی رات اچانک حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا، نوجوان کی اچانک موت سے گھر میں کہرام مچ گیا اور شادی کی خوشیوں میں شرکت کے لئے آئے ہوئے عزیز اقارب ان کی نماز جنازہ میں شریک ہوئے ، مرحوم کی ہفتے کو شادی اور اتوار کو ال مہران شادی ہال میں ولیمہ تھا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں