گھوٹکی:سوشل میڈیا پرنفرت پھیلانے کیخلاف کریک ڈاؤن کی تیاری

گھوٹکی:سوشل میڈیا پرنفرت پھیلانے کیخلاف کریک ڈاؤن کی تیاری

قبائلی تنازعات کے بعد صلح کو نقصان پہنچانے کی کوشش پر متعدد مقدمات درجگرفتاریاں متوقع، ضلع بھر میں سوشل میڈیا کی کڑی نگرانی جاری، پولیس ترجمان

گھوٹکی (نمائندہ دنیا)گھوٹکی پولیس نے قبائلی تنازعات کے بعد ہونے والی صلح کو نقصان پہنچانے اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کی تیاری کرلی، پولیس ترجمان کے مطابق ضلع بھر میں سوشل میڈیا کی کڑی نگرانی ہورہی ہے اور شرپسند عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے جلد گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ پولیس نے خبردار کیا کہ کوئی بھی شخص ایسی پوسٹ، ویڈیو یا مواد شیئر نہ کرے جو برادریوں کے درمیان نفرت، اشتعال یا بدامنی کا باعث بنے ۔ پولیس کے مطابق حالیہ دنوں شر، سیلرا، مہر، دوندھو، بھٹہ، کوش، تڑت، جتوئی، سولنگی اور چھجن برادریوں کے درمیان صلح کو بعض عناصر سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر کیخلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 153A اور پیکا ایکٹ 2025 کے تحت مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، جن کے تحت پانچ سال تک قید اور 20 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے ۔ اس سلسلے میں تھانہ ماتھیلو میں ملزم سعاد اللہ، حماد اللہ چھجن کے خلاف کرائم نمبر 104/2026 درج کیا گیا، انہوں نے فیس بک کے ذریعے صلح کو نقصان پہنچانے اور نفرت پھیلانے کی کوشش کی۔ تھانہ شہید دین محمد لغاری میں ملزم قادر جتوئی کیخلاف بھی مقدمہ 35/2026 درج کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں