پنجاب حکومت کا اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی توسیع کا فیصلہ
پروگرام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے نئے اقدامات بھی متعارف کرا نے پر غور
لاہور( این این آئی)پنجاب حکومت نے گھر کا قرض حاصل نہ کر سکنے والے افراد کیلئے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی توسیع کا فیصلہ کر لیا۔ اس اقدام کا مقصد ایسے شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے جو مالی مشکلات کے باعث ذاتی رہائش کا خواب پورا نہیں کر پا رہے ۔حکام کے مطابق پروگرام کے دائرہ کار کو بڑھاتے ہوئے مزید مستحق افراد کو شامل کیا جائے گا ۔ اس سکیم کے تحت شہریوں کو نرم شرائط پر قرض فراہم کیا جاتا ہے جس سے وہ اپنا گھر تعمیر یا خرید سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت اس پروگرام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے نئے اقدامات بھی متعارف کرا رہی ہے جبکہ درخواست کے طریقہ کار کو بھی آسان بنایا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔