بدلتی پٹرولیم قیمتیں، عوامی سہولتوں کے منصوبے تعطل کا شکار

بدلتی پٹرولیم قیمتیں، عوامی سہولتوں کے منصوبے تعطل کا شکار

مختلف شہروں میں کئی منصوبے اسی وجہ سے التوا کا شکار ،ٹینڈرز ایوارڈ کرنا بڑا چیلنج

لاہور (شیخ زین العابدین)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ نے پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے ۔اربوں روپے کے منصوبے لاگت کے نئے تعین کے انتظار میں رکے ہوئے ہیں۔حکومتی سطح پر واضح پالیسی نہ ہونے سے کنٹریکٹرز اور ادارے دونوں کنفیوژن کا شکار ہیں۔نتیجتاً عوامی سہولیات سے جڑے اہم منصوبے سست روی بلکہ تعطل کا شکار ہو رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ترقیاتی سرگرمیاں اس وقت ایک غیر معمولی چیلنج سے دوچار ہیں، جہاں پٹرولیم مصنوعات، خصوصاً ڈیزل کی قیمتوں میں بار بار ردوبدل نے منصوبہ بندی کا پورا نظام ہلا کر رکھ دیا ہے ۔

گزشتہ دو ماہ کے دوران قیمتوں میں بارہا کمی اور اضافہ دیکھنے میں آیا، مگر اس کے برعکس حکومتی سطح پر کسی جامع پالیسی کا فقدان بدستور برقرار ہے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو کے تحت تقریباً 205 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے اس وقت ٹینڈرنگ کے مرحلے میں ہیں، تاہم لاگت کے غیر مستحکم تخمینوں کے باعث ان منصوبوں پر پیش رفت متاثر ہو رہی ہے ۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ نہ تو ماہانہ اور نہ ہی سہ ماہی بنیادوں پر ریٹس جاری کرنے کا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے ، جس سے غیر یقینی صورتحال مزید گہری ہو گئی ہے ،ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ اور پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹس کیلئے ٹینڈرز ایوارڈ کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں