حیدر آباد:گیس بحران شدید، صرف 4گھنٹے ہی ملنے لگی
مقررہ وقت پر نہ آنے سے ڈیوٹی پرجانے والوں کو شدید دشواری کا سامنابچوں کیلئے ناشتہ بنانا بھی دشوار، بازار کاکھانا بہت مہنگا پڑرہا، سماجی رہنما
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)حیدرآباد میں گیس بحران شدیدہوگیا ، 24 گھنٹے میں صرف 4 گھنٹے ہی ملنے لگی، جبکہ پریشر کم ہونے سے بھی خواتین کو امورخانہ داری میں مشکلات ہیں ، وقت مقررہ پر گیس نہ آنے پر ڈیوٹی پر جانے والے مشکلات کا شکار ہیں۔ بچے اور بڑے بغیر ناشتہ گھر سے جانے لگے ۔ ادبی سماجی تنظیم قلم کار اکیڈمی کے رہنما پروفیسر خلیل جبار ،پاک دھرتی محافظ لورز فورم کے مرکزی صدر ڈاکٹر محمد اخلاق شیخ ،السادات سوشل ویلفیئر کے مرکزی صدر حاجی ایس حمید شاہ ،نعت خواں محمد آصف جلیل ،ڈاکٹر اقبال یوسف زئی نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں محکمے کی جانب سے گیس مقرہ وقت پر نہ دینے سے عوام کو زبردست پریشانی کا سامنا ہے ،24 گھنٹے میں سے چار گھنٹے ہی کم پریشر کے ساتھ گیس مل رہی ہے۔
جس سے خواتین کو کھانا پکانے اور ناشتہ تیار کرنے میں پریشانی ہے ، بچوں اور بڑوں کو بغیر ناشتہ کئے ہی ڈیوٹی اور اسکول جانا پڑرہا ہے ، انہوں نے کہا کہ بازار سے ناشتہ اور کھانا لانا عوام کو بہت مہنگا پڑرہا ہے ، بازار سے کھانا اور ناشتہ لانے پر گھر کے بجٹ پر اثر پڑ رہا ہے ، گھر پر آنے والے مہمانوں کی خاطر تواضع کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔ گیس کا پریشر بھی اتنا کم آتا ہے کہ مہمانوں کے لیے چائے بنانے میں بھی آدھا گھنٹہ لگ جاتا ہے ، انہوں نے حکومت سے پرزور اپیل کی کہ گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور پریشر کے ساتھ دی جائے ،تاکہ گھریلو صارفین کو کھانا اور ناشتہ تیار کرنے میں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔