انٹر تحصیل کبڈی ٹورنامنٹ، بہاولپور صدر ، حاصل پور فائنل میں
کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات جاری، صوبائی سطح پر بھی مقابلے کرائیں گے ،ناصر حمید
بہاولپور(سٹی رپورٹر)انٹر تحصیل کبڈی ٹورنامنٹ کے سلسلے میں ڈرنگ سٹیڈیم میں سیمی فائنل مقابلوں کا انعقاد ہوا۔ پہلے سیمی فائنل میں بہاولپورسٹی اور بہاولپور صدر کی ٹیمیں مد مقابل تھیں جس میں بہاولپور صدر نے 8کے مقابلے میں 28پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔ دوسرے سیمی فائنل میں تحصیل یزمان اور حاصل پور کی ٹیموں میں مقابلہ ہوا جس میں حاصل پور ٹیم نے 19کے مقابلے میں 30پوائنٹس سے فتح حاصل کی ۔سیمی فائنل مقابلوں کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر انفارمیشن ڈاکٹر ناصر حمید تھے ۔میچ کے آغاز سے قبل کھلاڑیوں کا مہمان خصوصی سے تعارف کرایا گیا۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر عامر حمید نے بتایا کہ بہالپور ڈویژین کے تینوں اضلاع میں کبڈی چیمپئن شپ جاری ہے جبکہ ضلع سطح پر کامیاب ہونیوالی ٹیموں کے درمیان ڈویژنل سطح کے مقابلے ہونگے جس سے مقامی ٹیلنٹ مزید نکھر کر سامنے آئے گا۔ڈائریکٹر انفارمیشن ناصر حمید نے کہا کھیلوں کے فروغ کیلئے بھر پور اور مؤثر اقدامات کئے جا رہے ہیں،یہ مقابلے بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ،صوبائی سطح کے مقابلوں کا انعقاد بھی کیا جائیگا۔