شکایات اداروں تک پہنچانے میں کمپلینٹ سیل کااہم کردار، بیرسٹر ارسلان
اس پلیٹ فارم سے حکومت براہ راست شہریوں کی آواز سن رہی، ترجمان سندھ حکومتنظام کے تحت حکومتی نظام مکمل طور پر عوام کی خدمت کیلئے فعال کیا گیا، سکھر میں گفتگو
سکھر(بیورو رپورٹ)سندھ حکومت کے ترجمان اور میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے وزیراعلیٰ سندھ پبلک کمپلینٹ سیل کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں خود کمپلینٹ سیل میں موجود ہوں، جہاں ایک جدید، مربوط اور شفاف نظام کے تحت عوامی شکایات کو باقاعدہ درج کر کے فوری متعلقہ اداروں تک پہنچایا جا رہا ہے ، تاکہ ان کا بروقت اور مؤثر ازالہ یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کے یہ صرف ایک دفتر نہیں بلکہ ایک ایسا مؤثر پلیٹ فارم ہے جہاں ریاست براہِ راست اپنے شہریوں کی آواز سن رہی ہے اور فوری عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے ، بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ یہ اقدام چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے عوام دوست وژن اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی متحرک قیادت کا عملی مظہر ہے۔
جس کے تحت حکومتی نظام کو مکمل طور پر عوامی خدمت کے لیے فعال کیا گیا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ سندھ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ سے ہر شکایت کی ریئل ٹائم ٹریکنگ کر رہی ہے ، تاکہ نہ صرف فوری حل ممکن ہو بلکہ اداروں کی کارکردگی بھی مسلسل بہتر بنائی جا سکے ، انہوں نے بتایا کہ حکومتی ترجمانوں اور اسپیشل اسسٹنٹس ٹو چیف منسٹر کی روزانہ کی بنیاد پر ڈیوٹیاں مقرر ہیں، تاکہ وہ خود یہاں موجود رہ کر عوامی مسائل سنیں اور ان کے فوری حل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کمپلینٹ سیل کو ون ونڈو سہولت کے طور پر استوار کیا جا رہا ہے۔