میرپور خاص:بے قابو ٹرالی دکان میں جاگھسی، 2افراد ہلاک
خان ناکہ کے قریب حادثہ، 2زخمی، کنڈیارو کا نوجوان نہر میں کودگیا، تلاش جاری
میرپور خاص، کنڈیارو (نمائندگان)میرپور خاص میں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر مٹھائی کی دکان میں جا گھسی، حادثے میں دو افراد جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو گئے ، مرنے اور زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا، خان ناکہ کے قریب افسوسناک حادثہ پیش آیا، پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک کی شناخت حیدر علی ولد محمد قاسم کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دوسرے شخص کی شناخت تیرت ولد ہری رام سے ہوئی، زخمیوں میں بالم ولد نتھو سکنہ جھول ضلع سانگھڑ اور بنام ولد سیوک میگھواڑ سکنہ کھان شامل ہیں، ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد ٹاؤن پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور فرید ولد ابراہیم، سکنہ گل کالونی کو گرفتار کر کے لاک اپ کر دیا ہے جبکہ گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔ ادھر کنڈیارو کے گاؤں ہاشم خاصخیلی کے رہائشی 22 سالہ نوجوان ساجن عرف راجا خاصخیلی نے روہڑی کینال کے ریگولیٹر میں چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ لاش کو نکالنے کے لیے ریسکیو ٹیموں اور مقامی افراد نے کوششیں شروع کر دیں، جبکہ واقعے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی تھیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔