لاڑکانہ، نوشہرو فیروز میں فائرنگ سے 2افراد جاں بحق

لاڑکانہ، نوشہرو فیروز میں فائرنگ سے 2افراد جاں بحق

خیر محمد آریجا کے علاقے میں بنچ ہوٹل پربیٹھنے کے تنازع پر ریاض آریجو نشانہ بنادریا خان مری کے علاقے میں حاجی گلن کوری قتل کیا گیا، لواحقین کا احتجاج

لاڑکانہ، کنڈیارو (نمائندگان)لاڑکانہ اور نوشہرو فیروز میں 2افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ لاڑکانہ کے قریب تھانہ یونیورسٹی کی حدود خیرمحمد آریجا میں ہوٹل کے بینچ پر بیٹھنے کے معاملے پر مسلح افراد فائرنگ کرکے 30 سالہ ریاض آریجو کو قتل کرکے فرار ہوگئے ، پولیس نے واقعے کے متعلق تفصیلات معلوم کرکے لاش پوسٹمارٹم کے لیے ڈوکری اسپتال منتقل کردی، جبکہ ورثاء کی جانب سے ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف لاڑکانہ ڈوکری روڈ پر دھرنا دیا گیا، واقعے کا مقدمہ مقتول کے والد غلام النبی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا، دوسری جانب ایس ایس پی لاڑکانہ احمد فیصل چودھری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، ایس ایس پی نے بتایا کہ واقعہ ہوٹل پر بیٹھے دو افراد کے دوران بینچ پر بیٹھنے جیسی معمولی بات پر پیش آیا ہے۔

فریقین کا تعلق ایک ہی کمیونٹی اور ایک ہی گاؤں سے ہے ، پولیس کی جانب سے ابتدائی کاروائی کے دوران واقعے میں ملوث ایک مشتبہ ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ دوسری جانب نوشہرو فیروز میں کنڈیارو کے قریب دریا خان مری میں تیتری اسٹاپ پر نامعلوم حملہ آوروں نے گاؤں حاجن کوری کے رہائشی حاجی گلن کوری پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ واقعے کے بعد علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، علاقے میں چہ مگوئیاں ہیں کہ مقتول کا سعید آباد میں اپنے رشتہ داروں سے رشتہ داری کے تنازع پر جھگڑا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں