جرائم کی سرپرستی ،ایس ایچ او سکھن سمیت 5 اہلکار معطل
ایس ایچ او پر منشیات فروشوں اور دیگر ملزمان سے رشوت لینے کا بھی الزام اہلکاروں کو بی کمپنی گارڈن ہیڈ کوارٹر ساوتھ رپورٹ کرنے کے احکامات
کراچی (این این آئی)ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ڈسٹرکٹ ملیر کے افسران و اہلکاروں کیخلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او سکھن سمیت 5 اہلکار معطل کر کے بی کمپنی بھیج دیا۔معطل کیے جانے والوں میں ہیڈ کانسٹیبل عبدالجبار منگی ، کانسٹیبل نور محمد ، کانسٹیبل ولایت خان نیازی اور سپاہی عبدالخالد شامل ہیں ، معطل کئے جانے والے ایس ایچ او و اہلکاروں کو بی کمپنی گارڈن ہیڈ کوارٹر ساوتھ رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ایس ایچ او خالد حسین میمن پر منشیات فروشوں اور دیگر منظم جرائم میں ملوث ملزمان سے رشوت لینے کا بھی الزام ہے جس کی تحقیقات جاری ہیں۔واضح رہے کہ جاوید عالم اوڈھوجب ایڈیشنل آئی جی کراچی تھے۔
تو وہ محکمہ پولیس میں بی کمپنی کے سخت خلاف تھے تاہم اب جبکہ وہ خود آئی جی سندھ ہیں انہوں نے بھی بی کمپنی کو بحال رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ایڈیشنل آئی جی سندھ نے تینوں زونل ڈی آئی جیز اور ڈسٹرکٹ کے ایس ایس پیز کو سخت ہدایات دی ہیں کہ وہ تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو متنبہ کر دیں کہ ان کے علاقوں میں کسی بھی قسم کا جرم چل رہا اسے فوری ختم کرا دیں اگر انہیں کسی بھی علاقے میں گٹکا ، ماوا ، منشیات ، جوا سٹہ چلنے کی اطلاع ملی تو اس تھانے کے ایس ایچ اوز سمیت دیگر عملہ کو معطل کیا جائے گا بلکہ اس کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔