کراچی کو پیرس جیسا کہنا زخموں پرنمک پاشی،سیف الدین

کراچی کو پیرس جیسا کہنا زخموں پرنمک پاشی،سیف الدین

لیاری تو پیرس نہ بن سکا بلکہ پورا کراچی لیاری بن گیا،ہرعلاقے میں بدحالی پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت عوام کے ٹیکس کا پیسہ لوٹنے میں مصروف ،خطاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا کراچی کو پیرس جیسا کہناعوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ۔لیاری کو پیرس بنانے کے دعوے 1970 سے کیے جارہے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ لیاری تو پیرس نہ بن سکا بلکہ پورا کراچی لیاری بن گیا،پیپلزپارٹی نے لاڑکانہ کے لیے 90 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا لیکن وہاں کے عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا آج بھی اس کی وہی حالت ہے ۔ اسی طرح لیاری ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ کے نام پر 29 ارب روپے کے اعلان کا بھی عوام کے ساتھ دھوکہ ہے ،ساڑھے تین ہزار ارب کا بجٹ تو حکومت ایک سال میں خرچ کرڈالتی ہے اور لیاری کے 29 ارب کے کاموں کے لئے 4 سال رکھے گئے ہیں۔

پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت عوام کے ٹیکس کا پیسہ لوٹنے میں مصروف ہے جب کہ عملی کام نہ ہونے کے برابر ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری کے بدترین حالات، انتظامی نااہلی، کرپشن اور بنیادی سہولیات کے فقدان کے خلاف شاہ لطیف بھٹائی روڈ آگرہ تاج میں منعقدہ عوامی احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احتجاج سے امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی سفیان دلاور، سابق رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید، نائب امیر ضلع جنوبی سید جواد احمد سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے ہر علاقے میں بدحالی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں