اندرون سندھ:ٹریفک حادثات، دیگر واقعات میں 7افراد ہلاک

اندرون سندھ:ٹریفک حادثات، دیگر واقعات میں 7افراد ہلاک

شہداد پور میں4بچوں کاباپ ٹینکر تلے آیا، بھریا کے صابر تگڑ کوٹریلر نے کچل دیاکرنٹ لگنے سے صابر ہلاک، مظہر کی خودکشی، سجاول میں موٹر سائیکل سوار کچلا گیا

کندھکوٹ، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) ٹریفک حادثات اور دیگر واقعات نے 7افراد کی جانیں لے لیں، جبکہ پولیس اہلکار سمیت متعدد زخمی ہوگئے۔ کندھکوٹ بائی پاس کے قریب ٹرک نے موٹر سائیکل کچل دی، جس سے 2 نوجوان اویس ملک اور رشید ملک موقع پر ہی جاں بحق اور بچہ علی رضا زخمی ہو گیا۔ شہدادپور کے واپڈا روڈ کے رہائشی موٹر سائیکل سوار 2 بھائیوں 35 سالہ عزیز لاکھو اور گورنر لاکھو تیز رفتار ٹینکر نے کچل دیا، جس کے نتیجے میں 4 بچوں کا باپ عزیز لاکھو موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اس کا بھائی گورنر لاکھو شدید زخمی ہے ۔ نوشہرو فیروز کے علاقے محراب پور کے قریب قومی شاہراہ پر ٹریلر کی زد میں آکرگاؤں جیندی تگڑ کا رہائشی 14 سالہ موٹر سائیکل سوار نوجوان صابر تگڑ جاں بحق اور ضعیف شخص گلن تگڑ شدید زخمی ہوگیا۔

جبکہ قومی شاہراہ پر شاہ جمال پٹرول پمپ کے پاس ٹرالر کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکار خدا بخش سومرو اہلیہ سمیت زخمی ہوگیا۔ ادھر اکری کے نواحی گاؤں میں دل برداشتہ شخص 37 سالہ مظہر کاشاری نے گولی مار کر زندگی کا چراغ گل کرلیا۔ کنڈیارو میں سیپکو کی غفلت سے گیارہ ہزار وولٹ کے تارسے کرنٹ لگنے سے مظفر گڑھ کا رہائشی ٹرک ڈرائیور صابر علی جاں بحق ہو گیا۔ دریں اثنا سجاول کے علاقے بدھوٹالپر کے قریب موٹر سائیکل اور کوچ میں تصادمسے ساگر لطیف بروہی جاں بحق خاتون کرن شدید زخمی ہوگئی، خاتون کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں