سجاول کے علاقے دڑو میں پل، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کاشکار
20سے زائد دیہات میں صاف پانی، بجلی، صحت، تعلیم جیسی سہولتیں بھی نہیںایک پل گرچکا، فصلیں منڈی پہنچانے میں مشکلٍ، نوٹس نہیں لیا جارہا، علاقہ مکین
دڑو (نامہ نگار)سجاول کے علاقے دڑو کے نواح میں یونین کونسل لائق پور، جھوک شریف، بنوں اور حسین پور کے ہزاروں مکین اس جدید دور میں بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، گاؤں قاسم جاکھرو، گاؤں حاجی اسماعیل درس، گاؤں بدو ملاح، گاؤں لونگ کندرا، گاؤں رتو لاشاری، گاؤں بڈو سومرو، گاؤں بابو لاشاری، گاؤں پیر محمد سمیت 20 سے زائد دیہات کو جانے والی تمام سڑکیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں، علاقہ مکین پینے کے صاف پانی، بجلی، تعلیم اور صحت کی تمام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کے باعث مکینوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ، یہاں کے مکینوں نے دڑو کے قریب مختلف دیہات کو جانے والی سڑکوں اور ٹوٹے پلوں کی مرمت نہ ہونے کے خلاف مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کئی دیہات اب بھی بجلی، پینے کے صاف پانی اور صحت سمیت تمام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، دیہات کو جانے والی سڑکیں خستہ حال ہو چکی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ لائق پور ایکس علی بحر نہر پر بنایا گیا پل گر گیا ہے ، بڑی گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو گئی ہے ، جس کے باعث فصلیں منڈی تک پہنچنے اور مریضوں کو اسپتال پہنچانے میں پریشانی کا سامنا ہے ، انہوں نے اپیل کی کہ مختلف دیہات کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں اور سڑکوں اور ٹوٹے پلوں کی مرمت کی جائے۔