لاڑکانہ میں سیپکو کا ون ونڈو آپریشن فعال کردیا گیا
ادارے کومنافع بخش بنانے اور صارفین کو ریلیف دینے کے لیے اہم فیصلےچوری کیخلاف آپریشن تیز، نئے کنکشنز کیلئے صارفین کو سہولت دی جائیگی
لاڑکانہ(بیورورپورٹ)سکھر الیکٹرک پاور کمپنی کو ایک منافع بخش ادارہ بنانے اور بجلی صارفین کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کے لیے سیپکو سرکل لاڑکانہ کے دفتر میں ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس کی مشترکہ قیادت آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے ریجنل چیئرمین نثار شیخ اور سیپکو چیف سی ایس ڈی مشتاق عباسی نے کی، اجلاس میں متفقہ طور پر بجلی چوری کے خاتمے کیلئے آپریشن تیز کرنے نئے کنکشنز کا ہدف حاصل کرنے کے لیے صارفین کو ہر ممکن سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا اور صارف کی جانب سے درخواستی کارروائی کے بعد صرف 15 دنوں کے اندر نیا کنکشن فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی، بجلی صارفین کو دفاتر کے چکروں سے بچانے کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
جبکہ نیو کنکشن کے اخراجات کی ادائیگی کیلئے اقساط کی سہولت کا بھی باقاعدہ اجرا کر دیا گیا، اجلاس میں طے کیا گیا کہ سیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے دیے گئے تمام مالیاتی اور انتظامی اہداف کو روزانہ کی بنیاد پر حاصل کیا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اجلاس کے اختتام پر تمام افسران نے سیپکو کے معزز صارفین سے پرزور اپیل کی کہ وہ ادارے کو مستحکم اور منافع بخش بنانے کیلئے سیپکو انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔ حکام نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ بجلی چوری اور کنڈا کلچر سے مکمل پرہیز کریں، غیرقانونی یاعارضی کنکشنز فوری ریگولرائز کرائیں اور سیپکو کی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments