تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ میں آن سکرین مارکنگ نظام کا تاریخی آغاز
10 نومبر کو کمپیوٹر سائنس اور 12 نومبر کو سٹیٹسٹکس کا امتحان جدید جوابی کاپیوں پر ہوگا
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تعلیمی وژن، صوبائی وزیر برائے سکولز اینڈ ہائر ایجوکیشن رانا سکندر حیات کی خصوصی ہدایات اور چیف منسٹر ٹاسک فورس برائے ایجوکیشن (امتحانی اصلاحات) کے سربراہ مزمل محمود کے احکامات کی روشنی میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ نے انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول امتحانات میں جدید آن سکرین مارکنگ نظام متعارف کرانے کا اہم اور انقلابی قدم اٹھایا ہے ۔ اس جدید امتحانی نظام کے تحت 10نومبر کو کمپیوٹر سائنس کے امتحان میں 9ہزار 350 امیدوار، جبکہ 12 نومبر کو سٹیٹسٹکس کے امتحان میں 995 طلبہ و طالبات مخصوص جدید جوابی کاپیوں (Answer Sheets) پر پرچے حل کریں گے ۔اس سلسلے میں گوجرانوالہ بورڈ کے تحت قائم تمام 54 امتحانی مراکز کے سینٹر سپرنٹنڈنٹس کیلئے بورڈ کیمپس میں ایک جامع تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس سے چیئرپرسن بورڈ انجینئر ڈاکٹر اقصیٰ شبیر، سیکرٹری بورڈ پروفیسر رشید احمد بھٹی اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر ندیم احمد نے خصوصی خطاب کیا۔ ورکشاپ میں امتحانی عملے کو نئے نظام کے طریقہ کار، جوابی کاپیوں کے استعمال اور امتحانی امور سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments