فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے قانون سازی ناگزیر ،صوبائی محتسب

 فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے قانون سازی ناگزیر ،صوبائی محتسب

تعلیم، صحت اور پانی سے متعلق شکایات ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت سہیل راجپوت کی زیرصدارت اجلاس،محکمے کے مجموعی کارکردگی کاجائزہ

کراچی (این این آئی)صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت کی زیرِ صدارت محکمے کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کی مجموعی کارکردگی، عوامی شکایات کے اندراج اور ان کے ازالے سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں گزشتہ اور رواں سال اکتوبر کے دوران موصول ہونے والی عوامی شکایات کا تقابلی جائزہ بھی لیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی محتسب نے کہا کہ ریجنل دفاتر میں موجود انتظامی خامیوں اور افرادی قوت کی کمی کو دور کرنے کی ضرورت ہے ۔محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ سرکاری ریکارڈ کی درستگی اور حفاظت دفتر کی اہم ضرورت ہے ، جسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔

انہوں نے مشیران کو ہدایت کی کہ وہ ہر ماہ کسی ایک ریجنل دفتر کا دورہ کرکے وہاں افرادی قوت اور کارکردگی کا جائزہ لیں۔ انہوں نے پرانی درخواستوں کو بھی فوری نمٹانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیا۔صوبائی محتسب نے کہا کہ بعض فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہونا ایک سنگین مسئلہ ہے ، اس لیے صوبائی محتسب سندھ کے فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے قانون سازی ناگزیر ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی سے متعلق عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت اور صاف پانی سے متعلق شکایات مفادِ عامہ کے معاملات ہیں، اس لیے اگر کوئی شکایت کنندہ اپنی درخواست واپس بھی لے لے تو بھی ضرورت کے تحت ازخود نوٹس کے ذریعے مسئلے کا حل یقینی بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...