شیشہ فلیورزکی فروخت اور رشوت لینے پر دو کانسٹیبل گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر)دو کانسٹیبل شیشہ فلیورزکی فروخت اور رشوت لینے پر گرفتار کرلئے گئے ۔
مسلم ٹاؤن پولیس نے شیشہ ودیگر ممنوعہ سامان فروخت کرنے کے الزام میں کانسٹیبل عبداللہ عابد کوگرفتار کر کے مقدمہ درج اور قانونی کارروائی شروع کر دی جبکہ دکان پر کام کرنیوالے کم عمر لڑکے عبدالہادی کو بھی حراست میں لے لیا۔ گرفتار پولیس کانسٹیبل عبداللہ عابد سکیورٹی ڈویژن میں تعینات تھا جس کیخلاف محکمانہ کارروائی کا بھی آغاز کر دیا گیا ۔ دوسری کارروائی میں ناکے پر مسافر گاڑی روک کر ڈرائیور سے رقم طلب کرنے کے الزام میں کانسٹیبل آصف کو گرفتار کر لیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری کے دوران شہری نے شکایت کی کہ ناکہ عبد الستار ایدھی روڈ پر تعینات اہلکار نے مسافر گاڑی روک کر ڈرائیور سے رقم کا مطالبہ کیا۔ شکایت پر ابتدائی انکوائری میں واقعے کی تصدیق ہونے پر کانسٹیبل کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ملزم کانسٹیبل تھانہ چوہنگ کی حدود میں ناکہ عبد الستار ایدھی روڈ پر ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments