تعلیمی بورڈز میں بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار

تعلیمی بورڈز میں بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار

رجسٹریشن آن لائن و لائیو ہوگی، جعلی امیدواروں کی روک تھام ہدف

ملتان (خصوصی رپورٹر) پنجاب کے نو تعلیمی بورڈز نے امتحانی نظام میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے امیدواروں کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار دے دی ہے ۔ آئندہ امتحانات میں شرکت کے لیے طلبہ و طالبات کی بائیومیٹرک ویریفکیشن ضروری ہوگی، جس کے بغیر کسی امیدوار کو امتحانی مرکز میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تعلیمی بورڈز کے مطابق رجسٹریشن کا عمل مکمل طور پر آن لائن اور لائیو ہوگا، جس کے دوران دونوں انگوٹھوں کے فنگر پرنٹس کی سکیننگ لازمی ہوگی۔ بغیر لائیو سکیننگ کسی بھی امیدوار کی رجسٹریشن ممکن نہیں ہوگی۔

اس سلسلے میں سرکاری اور الحاق شدہ نجی سکولز و کالجز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ بائیومیٹرک ڈیوائسز اور ضروری کمپیوٹر سسٹمز کی دستیابی یقینی بنائیں۔ اداروں پر لازم ہوگا کہ رجسٹریشن سے قبل تمام سہولیات فعال ہوں، بصورت دیگر ذمہ داری متعلقہ اداروں کے سربراہان پر عائد ہوگی۔ ذرائع کے مطابق نویں اور گیارہویں جماعت کی رجسٹریشن کے دوران 25 لاکھ سے زائد طلباء کے فنگر پرنٹس سکین کئے جائیں گے ، جبکہ ملتان بورڈ میں چار لاکھ سے زائد طلباء کی بائیومیٹرک تصدیق کی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد نقل اور جعلی امیدواروں کا خاتمہ، میرٹ کا فروغ اور امتحانی نظام کو مزید شفاف بنانا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں