گندم خریداری مہم کو شفافیت کیساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے
گندم خریداری مہم کو شفافیت کیساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے غیر قانونی وصولیوں کی شکایات موصول ہوئیں تو ڈیلرز کے خلاف کارروائی ہو گی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے جاری گندم خریداری مہم کو مکمل شفافیت کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسانوں سے کسی بھی قسم کی کٹوتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کہیں بھی غیر قانونی وصولیوں یا بے ضابطگیوں کی شکایات موصول ہوئیں تو متعلقہ کمپنیوں اور ڈیلرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس امر کا اظہار انہوں نے گندم خریداری مہم کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ باردانہ مکمل شفافیت کے ساتھ جاری کیا جائے اور خریداری کے عمل کی موثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ خریداری مراکز کے باقاعدہ دورے کریں اور مقررہ اہداف بروقت مکمل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کمپنیوں کو مکمل سپورٹ فراہم کی جائے اور کسانوں کو گندم کی فروخت کے بعد فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ادائیگی کا نظام شفاف ہو اور رقوم براہ راست کسانوں تک پہنچیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر محمد ارشد وٹو، اسسٹنٹ کمشنرز سرگودھا احمد شیر گوندل کے علاہ دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔