مذہبی اور ثقافتی سیاحت کا فروغ اولین ترجیح ،اورنگزیب کچھی

مذہبی اور ثقافتی سیاحت کا فروغ اولین ترجیح ،اورنگزیب کچھی

سری لنکن ہائی کمشنر کی وفد کے ہمراہ ملاقات ،دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر گفتگو

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )سری لنکا کے ہائی کمشنر برائے پاکستان ریئر ایڈمرل (ر) فریڈ سینی ورتھنے نے وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کچھی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ثقافتی تعاون، ورثے کے تحفظ، مذہبی سیاحت اور عوامی روابط کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سری لنکا کے ممتاز بدھ راہب، موسٹ وینیریبل تھیبو بھی موجود تھے ۔ وفاقی وزیر نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سری لنکن بھائیوں اور بہنوں، بالخصوص بدھ برادری کے لیے اپنے دروازے کھول رکھے ہیں تاکہ وہ پاکستان کے تاریخی بدھ ورثے اور مقدس مقامات کا دورہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مذہبی اور ثقافتی سیاحت کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے ، خصوصاً ان ممالک کے لیے جن کے گندھارا تہذیب سے تاریخی اور روحانی روابط موجود ہیں۔ریئر ایڈمرل (ر) فریڈ سینی ورتھنے نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے یہ اعزاز کی بات ہوگی کہ ان کی تعیناتی کے دوران پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات مزید مضبوط ہوں اور بدھ برادری کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جائیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سری لنکا پاکستان کے لیے ایک آزمودہ اور قابلِ قدر دوست ملک ہے ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط تعلقات کا حقیقی استحکام عوامی رابطوں سے ہی ممکن ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں