دریائے سندھ کا شدید کٹاؤ، کچی گورمانی میں متعدد خاندان متاثر

دریائے سندھ کا شدید کٹاؤ، کچی گورمانی میں متعدد خاندان متاثر

علاقے کا بیشتر حصہ دریا برد، گھر، فصلیں اور زرعی زمینیں تباہ ہونے لگیں

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) دریائے سندھ کے شدید کٹاؤ کے باعث قصبہ گجرات، یونین کونسل ڈبی شاہ، لسوڑی کھر کے قریب کچی گورمانی سمیت مختلف علاقوں کے مکین بے گھر ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق موضع کچی گورمانی کا تقریباً 90 فیصد حصہ دریا برد ہوچکا ہے جبکہ متعدد خاندان نقل مکانی پر مجبور ہیں۔متاثرین کے مطابق دریائی کٹاؤ کے باعث کئی گھر تباہ ہوگئے ہیں اور بعض خاندان کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ پکی فصلیں، زرعی زمینیں اور قیمتی املاک بھی تیزی سے دریائے سندھ کی نذر ہورہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کٹاؤ کا سلسلہ جاری رہا تو مزید گھر، فصلیں اور زرعی رقبہ تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔

متاثرہ خاندانوں نے کہا کہ دریائی کٹاؤ سے انہیں بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے اور فوری حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے ۔متاثرین نے ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم اور سابق ایم این اے ملک رضا ربانی کھر سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لے کر کٹاؤ روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے قصبہ گجرات، یونین کونسل ڈبی شاہ، کچی گورمانی، موضع کلھوڑ، کچی کتریہ اور سوجھل کے متاثرہ مکینوں کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے فوری عملی اقدامات کی اپیل کی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...