رہائشی علاقوں میں آتش بازی کا سامان تیار ہونے کا انکشاف، متعلقہ اداروں کی مبینہ سرپرستی کے الزامات
مکوآنہ، کھرڑیانوالہ، نیاموآنہ، ملکھانوالہ، اعوان والا اور دیگر علاقوں میں عرصہ دراز سے غیر قانونی فیکٹریاں قائم ،شہریوں کی جان و مال کو خطرات لاحق ،غیر قانونی آتش بازی کی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کی جائے :شہری
فیصل آباد(عبدالباسط سے ) شہر کے مختلف علاقوں میں قائم آتش بازی کا سامان تیار کرنے والی غیر قانونی فیکٹریوں کے خلاف پولیس اور سول ڈیفنس ٹیموں کی جانب سے کارروائیاں عمل میں لانے کے بجائے مبینہ طور پر انہیں تحفظ فراہم کیے جانے کے انکشافات سامنے آنے لگے ۔ رہائشی گھروں میں قائم غیر قانونی آتش بازی کی فیکٹریوں میں آئے روز آگ لگنے، دھماکوں اور جان لیوا حادثات رونما ہونے کے باوجود پولیس، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے مبینہ طور پر مؤثر کارروائیاں نہ کیے جانے پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے علاقوں مکوآنہ، کھرڑیانوالہ، نیاموآنہ، ملکھانوالہ، اعوان والا اور دیگر علاقوں میں عرصہ دراز سے آتش بازی کا سامان تیار کرنے والی غیر قانونی فیکٹریاں قائم ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بااثر اور اہم شخصیات سے تعلقات رکھنے والے افراد نے مختلف رہائشی علاقوں میں گھروں کی آڑ میں مبینہ طور پر آتش بازی کا سامان تیار کرنے کے مراکز قائم کر رکھے ہیں، جہاں اہل خانہ اور دیگر افراد کے ذریعے مختلف اقسام کا آتش بازی کا سامان تیار کرکے شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر سپلائی کیا جاتا ہے، جس سے شہریوں کی جان و مال کو خطرات لاحق ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے خطرناک مراکز کے خلاف کارروائی میں مبینہ غفلت کئی سوالات کو جنم دیتی ہے ۔ انہوں نے پولیس، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی آتش بازی کی فیکٹریوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے اور علاقہ مکینوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments