بجلی چوروں کیخلاف آپریشن، 10 ٹرانسفارمرز ، 33 میٹرزضبط

 بجلی چوروں کیخلاف آپریشن، 10 ٹرانسفارمرز ، 33 میٹرزضبط

بہاولنگر، خانیوال اور ساہیوال میں 60 لاکھ سے زائد واجبات پر کارروائیاں

ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری ہے ۔ بہاولنگر، خانیوال اور ساہیوال کے مختلف علاقوں میں 60 لاکھ روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر 10 ٹرانسفارمرز، 33 میٹرز اور تار اتار کر قبضے میں لے لئے ، جبکہ نادہندگان سے 12 لاکھ روپے سے زائد واجبات وصول کئے گئے ۔سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو بہاولنگر سرکل خالد حسین سیال اور ونگ کمانڈر رینجرز کی نگرانی میں منڈی صادق گنج سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔

لاکھوں روپے کے واجبات ادا نہ کرنے پر 17 نادہندگان کے کنکشن منقطع کرکے سنگل فیز میٹرز اتار لئے گئے ۔ اس دوران رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے 6 لاکھ 70 ہزار روپے وصول کئے گئے ۔سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو خانیوال سرکل مشتاق احمد اَٹھنگل اور ونگ کمانڈر رینجرز کی نگرانی میں مخدوم پور سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ 39 لاکھ روپے سے زائد کے بلوں کی عدم ادائیگی پر 7 نادہندہ زرعی ٹیوب ویلوں کے ٹرانسفارمرز، 13 سنگل اور تھری فیز میٹرز جبکہ 2 ہزار فٹ کنڈکٹر اور پی وی سی تار اتار لی گئی۔ نادہندگان سے 6 لاکھ روپے بھی وصول کئے گئے ۔ کارروائی کے دوران دو افراد ڈائریکٹ کنڈیاں لگا کر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ، جن کے خلاف استغاثے متعلقہ تھانوں میں بھجوا دیئے گئے ۔

دوسری جانب سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ساہیوال سرکل ناصر محمود فانی کی ہدایت پر الفرید سب ڈویژن پاکپتن کے علاقوں میں نادہندہ زرعی ٹیوب ویلوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ایکسین پاکپتن ڈویژن شفیق احمد اور ایس ڈی او الفرید سب ڈویژن کی سربراہی میں ٹیموں نے میران شاہ، چک سوچن اور چک بارا میں 15 لاکھ 75 ہزار روپے کے واجبات ادا نہ کرنے پر تین ڈیفالٹر کاشتکاروں کے کنکشن منقطع کرکے میٹرز، ٹرانسفارمرز اور تار اتار لئے گئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...