سرکاری سکول کی اراضی پر مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف
میاں چنوں(تحصیل رپورٹر) گاؤں چک نمبر 97 پندرہ ایل میں واقع سرکاری اسکول کی اراضی، عمارت اور تعلیمی انتظامات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے حوالے سے کارروائی کا مطالبہ سامنے آ گیا۔
گاؤں کے رہائشی منظور احمد ولد محمد سلیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ڈپٹی کمشنر خانیوال کو درخواست ارسال کی ہے ، جس میں گورنمنٹ گرلز سکول کی ہیڈ مسٹریس ساجدہ بی بی، گورنمنٹ ہائی سکول کے ہیڈ ماسٹر شیر کلیم اور گورنمنٹ گرلز سکول کے درجہ چہارم کے ملازم بلال احمد پر سکول کی اراضی اور عمارت کے مبینہ غیر قانونی استعمال، سرکاری سامان کی فروخت اور انتظامی معاملات کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ درخواست گزار کے مطابق ڈپٹی کمشنر خانیوال نے معاملہ تحقیقات کے لیے اسسٹنٹ کمشنر میاں چنوں کو بھجوایا، تاہم متعلقہ عملے نے مبینہ ملی بھگت سے کاغذات غائب کر دیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ چک نمبر 97 پندرہ ایل میں قائم اسکول کے حوالے سے ماضی میں بھی مختلف انتظامی اقدامات کیے گئے ، جبکہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (PEF) کے تحت اسکول کے انتظامات اور عمارت کے استعمال سے متعلق بھی متعدد سوالات موجود ہیں۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اسکول کی اراضی اور عمارت کے حوالے سے مبینہ اقدامات سے سرکاری تعلیمی اثاثوں اور مقامی بچوں کے تعلیمی حقوق متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments