قائداعظم کالونی میں بجلی کے پولز نہ ہونے سے شہری پریشان
کلورکوٹ(نمائندہ دنیا)قائداعظم کالونی کلور کوٹ میں بجلی کے پولز نہ ہونے اور زمین پر بکھری ہوئی سروس تاروں کے باعث مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
واپڈا حکام نے قریبی دو پولز پر میٹرز اکٹھے نصب کر کے زمین پر سروس تاریں ڈال کر گھروں کو بجلی فراہم کر رکھی ہے ۔ کئی سال گزرنے کے باوجود کالونی میں بجلی کے پولز نصب نہیں کیے گئے ، جبکہ گلیوں اور راستوں میں بکھری تاروں کے باعث روزمرہ زندگی شدید متاثر ہے ۔ بارش کے دوران صورتحال مزید خطرناک ہو جاتی ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق اب تک دو سے تین بچے کھلے عام پڑی تاروں سے کرنٹ لگنے سے زخمی بھی ہو چکے ہیں۔شہریوں نے واپڈا حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ قائداعظم کالونی میں فوری طور پر نئے بجلی پولز نصب کیے جائیں۔ اور زمین پر پڑی سروس تاروں کو پولز پر منتقل کر کے ممکنہ حادثات سے بچایا جائے ۔