مہنگائی میں اضافہ‘ اشیائے ضروریہ عوام کی پہنچ سے باہر
کندیاں(نمائندہ دنیا )چینی، گھی، دالوں، پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے عوام کے اوسان خطا کر دیے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تعین مزدور اور ملازم طبقے کی آمدن کو مدنظر رکھ کر کیا جانا چاہیے ۔
اس حوالے سے سماجی رہنما ملک محمد اقبال اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے بعد روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں 30سے 40فیصد اضافہ ہو چکا ہے ، جس نے عوام کی زندگی مزید مشکل بنا دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت مہنگائی کے شدید دباؤ کا شکار ہے اور کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔ ان کے مطابق مہنگائی کی بڑھتی شرح عوام میں مایوسی اور معاشی بے چینی کو جنم دے رہی ہے ، جبکہ ملک بھر میں خودکشی کے واقعات میں بھی اضافہ تشویشناک ہے ۔ملک محمد اقبال اعوان نے کہا کہ آٹا، چینی، گھی، دالیں اور سبزیاں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں، جبکہ کھانے پینے کی اشیاء پر ٹیکسوں کی بھرمار صورتحال کو مزید سنگین بنا رہی ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو اعتدال پر لانے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔