کوارڈینیشن کمیٹی ، ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنیکا حکم

کوارڈینیشن کمیٹی ، ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنیکا حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ضلعی کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ممبر صوبائی اسمبلی میاں سلطان علی رانجھا کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری۔۔۔۔۔

 اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی، ارم حامد حمید، اراکین صوبائی اسمبلی بیرسٹر تیمور بلوچ، میاں اکرام الحق، رانا منور غوث، صفدر ساہی، بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا، ملک شعیب اعوان، عبدالرزاق ڈھلوں اور مختلف محکموں کے ضلعی افسروں نے شرکت کی۔ ایم ڈی واسا نے وزیر اعلیٰ کے میگا سیوریج منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سرگودھا 43 فیصد پیش رفت کیساتھ صوبہ بھر میں پہلے نمبر پر ہے ، جبکہ بارشی پانی کو محفوظ بنانے کیلئے انڈر گراؤنڈ ٹینکس کی تعمیر جاری ہے  ۔پی ایم یو کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے سلانوالی، ساہیوال، بھیرہ اور بھلوال میں جاری لوکل گورنمنٹ منصوبوں کی پیش رفت اور ٹائم لائن سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ساہیوال اور کوٹمومن کو بھی منصوبے میں شامل کرنے کے لیے صوبائی حکومت سے سروے کروانے اور اسکیم میں شمولیت پر اتفاق کیا گیا۔

ایکسین ہائی ویز نے ‘‘سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال’’ پروگرام اور سٹی ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت آئندہ مالی سال کے مجوزہ منصوبوں پر بریفنگ دی، جبکہ ڈویژنل کوآرڈینیٹر پی آر ایم ایس سی نے ماڈل ویلیجز منصوبے کے حوالے سے آگاہ کیا۔اجلاس کا مقصد ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور سرکاری امور کی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔ میاں سلطان علی رانجھا نے ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے عوامی مسائل کے فوری حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔ضلعی انتظامیہ نے بریفنگ میں بتایا کہ صفائی، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تمام ادارے باہمی تعاون سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں گے اور حکومتی وژن کے مطابق ضلع سرگودھا کی ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں