ساندل ایکسپریس گزشتہ 8 سالوں سے بند، بحال کیا جائے ، اہل علاقہ
سلانوالی(نمائندہ دنیا )سرگودھا ملتان براستہ سلانوالی جھنگ چلنے والی سب سے کامیاب ٹرین ساندل ایکسپریس گزشتہ 8 سالوں سے بند ٹرانسپورٹرز کی چاندی ہو گئی۔
سماجی حلقوں کا حکومتی حلقوں اور ریلوے کے ارباب اختیار سے مذکورہ ٹرین کو فوری بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا۔8 سال قبل سرگودھا سلانوالی جھنگ ملتان روٹ پر ایک ایسی کامیاب ٹرین ساندل ایکسپریس چلتی تھی کہ جس کی نظیر نہیں ملتی سرگودھا سے ملتان جانے کے لیے ایک ایسی بہترین ٹرین مانی جاتی تھی کہ سرگودھا اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز بھلوال سلانوالی سمیت جھنگ کے مکین اس ٹرین سے استفادہ حاصل کرتے تھے اس کامیاب ٹرین نے سرگودھا جھنگ اور ملتان کے بڑے بڑے ٹرانسپورٹرز کی نیندیں حرام کی ہوئی تھیں ۔کیونکہ معقول ٹائمنگ اور کم کرایہ میں لوگ باآسانی ملتان جھنگ سرگودھا آتے جاتے تھے اور ٹرین کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز کو نقصان ہو رہا تھا ایسے میں ٹرانسپورٹرز اور ریلوے کے کرپٹ افسران کے مابین ایسا گٹھ جوڑ ہوا کہ یہ ٹرین بند کر دی گئی ۔