رجسٹرڈ ہومیوپیتھک ڈاکٹر کو عطائی قرار دینا ناانصافی ،ایسوسی ایشن

رجسٹرڈ ہومیوپیتھک ڈاکٹر کو عطائی قرار دینا ناانصافی ،ایسوسی ایشن

داؤدخیل(نماندہ دنیا )رجسٹرڈ ہومیوپیتھک ڈاکٹر کو عطائی قرار دینا ناانصافی ہے ، انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔

ضلعی صدر ہومیوپیتھک ڈاکٹرز ایسوسی ایشن میانوالی ڈاکٹر محمد رفیع نے کہا ہے کہ رجسٹرڈ ہومیوپیتھک ڈاکٹرز کو عطائی کہنا کسی بھی اصول کے مطابق درست نہیں۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی ای او ہیلتھ میانوالی ڈاکٹر کاشف میانہ کو چاہیے کہ وہ عطائیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں، نہ کہ رجسٹرڈ اور قانونی طریقے سے پریکٹس کرنے والے ڈاکٹروں کو نشانہ بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر خالد اسلم گل ایک رجسٹرڈ ہومیوپیتھک ڈاکٹر ہیں جو پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن سے باقاعدہ رجسٹرڈ ہیں اور قانون کے مطابق اپنی پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہیں۔

 ان کو بلاوجہ عطائی کہنا اور ہڈی جوڑ کلینک کے ساتھ منسوب کرنا سراسر زیادتی اور حقائق کے منافی ہے ڈاکٹر محمد رفیع کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کی صورتحال میں ابتدائی طبی امداد (فرسٹ ایڈ) فراہم کرنا ہر ڈاکٹر کا بنیادی فرض ہے ، اور کسی مریض کو فوری پٹی کرنا یا ابتدائی مدد دینا عطائیت کے زمرے میں نہیں آتاانہوں نے وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز صاحبہ ، سیکرٹری ہیلتھ پنجاب ، کمشنر سرگودھا اور ڈپٹی کمشنر میانوالی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور صاف و شفاف انکوائری کرائی جائے ۔

ضلع میانوالی میں رجسٹرڈ ڈاکٹروں کے خلاف بے جا کارروائیوں کو روکا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے میں انصاف اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستند ڈاکٹرز بلاخوف و خطر اپنی خدمات انجام دے ۔۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں