شاہپور کو ماڈل سٹی بنا کر دم لوں گا،عاصم شیر میکن
مثبت تنقید سے مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل میں مدد ملتی ہے
شاہپور صدر (نامہ نگار)پارلیمانی سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب سردار محمد عاصم شیر میکن کی مقامی صحافیوں کے ساتھ ملاقات ہوئی، جس میں تحصیل شاہپور کے علاقائی مسائل، جاری ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صحافی برادری نے کم وقت میں متعدد ترقیاتی کام کروانے پر سردار عاصم شیر میکن کو خراجِ تحسین پیش کیا اور حلقہ کی بہتری و ترقی کے لیے بھرپور تعاون اور ساتھ چلنے کی یقین دہانی کرائی۔عاصم شیر میکن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ \"میں شاہپور تحصیل کو ایک ماڈل سٹی بنانے کے لیے میدان میں آیا ہوں اور شاہپور کو ماڈل سٹی بنا کر دم لوں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تحصیل ماضی میں پسماندگی کا شکار رہی اور اس پر مطلوبہ توجہ نہیں دی گئی، جس کے باعث آج شاہپور کو سب تحصیل کی حیثیت سے سمجھا جاتا ہے ، تاہم اب حالات بدلنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحافی برادری بے شک تنقید کرے ، تاہم دونوں طرف کا مؤقف جان کر خبر شائع کی جانی چاہیے ، یہی صحافت کا تقاضا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مثبت تنقید سے مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل میں مدد ملتی ہے ۔ملاقات میں مقامی صحافیوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور شاہپور کی تعمیر و ترقی، عوامی مسائل کے حل اور علاقائی بہتری کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments