یونیورسٹی آف سرگودھا میں قومی اقلیتی دن کی مناسبت سے تقریب
تمام شہریوں کے مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کے اصولوں کو اجاگر کیا گیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف سرگودھا میں قومی اقلیتی دن کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد اقلیتی برادریوں کے حقوق اور ملکی تعمیر و ترقی میں ان کے کردار کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مذہبی ہم آہنگی، رواداری، باہمی احترام اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا تھا۔ تقریب میں قائداعظم محمد علی جناح کے تصورِ پاکستان کے مطابق تمام شہریوں کے مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کے اصولوں کو اجاگر کیا گیا۔ریاض شاد ہم نصابی فورم کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں مسیحی مذہبی رہنما فادر مختار عالم، چیئرمین شعبہ علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر فیروز الدین شاہ، ڈائریکٹر ریاض شاد ہم نصابی فورم ڈاکٹر محمد منیر، اسسٹنٹ رجسٹرار دائم اقبال سمیت طلبہ و طالبات،فیکلٹی اور سٹاف ممبران نے شرکت کی۔تقریب کے دوران میزبانی کے فرائض دائم اقبال نے سر انجام دیے۔
اپنے خطاب میں فادر مختار عالم نے کہا کہ تمام مذاہب امن، محبت اور انسانیت کا درس دیتے ہیں، پاکستان ہمارا گھر ہے اور اس کی ترقی و استحکام میں اقلیتی برادریوں کا کردار اہم ہے ۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پر جب بھی کڑا وقت آیا، اقلیتوں نے بھرپور قومی جذبے کے ساتھ ملک کا ساتھ دیا۔پروفیسر ڈاکٹر فیروز الدین شاہ نے کہا کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، انسانی مساوات اور عدل و انصاف کا درس دیتا ہے ۔ تمام انسان حضرت آدمؑ کی اولاد ہیں اور اسلامی تعلیمات کے مطابق بہتر انسان وہ ہے جو دوسروں کے لیے نفع بخش ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments