بی ایچ یوز ٹھیکے پر لینے والے افراد نے انتظامی معاملات رشتہ داروں یادوستوں کے حوالے کر دیئے

 بی ایچ یوز ٹھیکے پر لینے والے افراد نے انتظامی معاملات رشتہ داروں یادوستوں کے حوالے کر دیئے

آؤٹ سورسنگ کے بعد تجربہ کار عملے کی تبدیلی سب سے بڑا مسئلہ بن کر سامنے آئی ، کم اجرت پر نئے اور مبینہ طور پر غیر تربیت یافتہ افراد بھرتی کیے گئے ، مریض پریشان

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) دیہی آبادی کو گھر کی دہلیز پر علاج کی سہولت دینے کے لیے بنیادی مراکز صحت کی آؤٹ سورسنگ کا حکومتی منصوبہ ابتدا ہی میں مشکلات میں گھر گیا، کئی مراکز کے انتظامات ہسپتال چلانے کا تجربہ نہ رکھنے والے ٹھیکیداروں کے رشتہ داروں اور قریبی افراد کے حوالے کیے جانے کا بھی انکشاف،ذرائع کے مطابق سرگودھا ضلع کے تمام بنیادی مراکز صحت رواں سال تین مراحل میں آؤٹ سورس کیے گئے ۔ حکومت کی جانب سے آؤٹ سورسنگ کا مقصد بنیادی مراکز صحت میں سہولیات بہتر بنانا، عملے کی دستیابی یقینی بنانا اور عوام کو معیاری علاج فراہم کرنا تھا، تاہم ذرائع کے مطابق عملی صورتحال اس کے برعکس سامنے آنا شروع ہوگئی ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد بی ایچ یوز ٹھیکے پر حاصل کرنے والے افراد نے انتظامی معاملات خود سنبھالنے کے بجائے اپنے قریبی رشتہ داروں یا دوستوں کے حوالے کردیے۔

جنہیں بنیادی مرکز صحت یا ہسپتال کے انتظامی امور چلانے کا کوئی خاطر خواہ تجربہ نہیں۔ بعض مراکز میں ٹھیکیدار کے خاندان کے متعدد افراد کے انتظامی معاملات میں شامل ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں،آؤٹ سورسنگ کے بعد تجربہ کار عملے کی تبدیلی سب سے بڑا مسئلہ بن کر سامنے آئی ہے ۔ کئی مراکز میں برسوں سے خدمات انجام دینے والے تجربہ کار ملازمین کو فارغ کرکے 20 سے 30 ہزار روپے ماہانہ تک کی کم اجرت پر نئے اور مبینہ طور پر غیر تربیت یافتہ افراد بھرتی کیے گئے ، ایسے افراد کی تعیناتی سے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات متاثر ہورہی ہیں اور بعض علاقوں میں عطائیت کے فروغ کے خدشات بھی پیدا ہوگئے ہیں۔تجربہ کار عملے کی جگہ نئے افراد کی تعیناتی اور انتظامی امور میں مبینہ نااہلی کے باعث مریضوں کو پہلے سے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...