بلدیاتی الیکشن میں پوری تیاری کیساتھ حصہ لیں گے ، نسیم لابر
پنجاب حکومت پر کرپشن الزامات تشویش ناک، عوام کے مسائل بڑھ رہے
ملتان (لیڈی رپورٹر)پیپلزپارٹی ملتان سٹی کے صدر ملک نسیم حسین لابر، سٹی جنرل سیکرٹری اے ڈی خان بلوچ اور سٹی سیکرٹری انفارمیشن خواجہ عمران نے مشترکہ میڈیا بیان میں کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد جمہوریت کے استحکام اور عوامی مسائل کے حل کے لئے انتہائی ضروری ہے ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پہلے مرحلے کے انتخابات کے لئے 7 فروری 2027ء کی تاریخ مقرر کئے جانے کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی بھرپور تیاری اور عوامی قوت کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایک جمہوری اور عوام دوست جماعت ہے ، جو ہمیشہ عوام کے حقوق، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے حل کی سیاست کرتی آئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ہی عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے ۔پی پی رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری نے عام آدمی کا جینا محال کر رکھا ہے ، جبکہ پنجاب حکومت پر کرپشن کے الزامات بھی تشویش کا باعث ہیں۔ بالخصوص سرائیکی وسیب میں عوامی مسائل روز بروز بڑھ رہے ہیں۔ کسان، تاجر، صنعتکار، طلبہ اور خواتین سمیت ہر طبقہ پریشانی اور بدحالی کا شکار ہے ، لیکن حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے اشتہارات کے ذریعے سب اچھا دکھانے میں مصروف ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments