پل 14 پر تجاوزات سے ٹریفک متاثر، شہریوں کو مشکلات
سہولت بازار چوک پر حادثات کا خدشہ، شہریوں کا تجاوزات ختم کرنے کا مطالبہ
جہانیاں (نمائندہ دنیا) جہانیاں پل 14 پر سہولت بازار چوک کے سامنے عارضی اور مستقل تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے راہگیروں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر خانیوال، اسسٹنٹ کمشنر جہانیاں اور پیرا فورس کے حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جہانیاں اڈا پل 14 کے سہولت بازار چوک پر عارضی اور مستقل تجاوزات، خصوصاً عین موڑ پر ہتھ ریڑھیوں، رکشوں اور گاڑیوں کی پارکنگ نے پل 14 ٹھٹھہ روڈ اور پل 14 ملتان وہاڑی روڈ پر ٹریفک کی روانی کو شدید متاثر کر رکھا ہے ۔ شہریوں کے مطابق موڑ کی تنگی اور تجاوزات کے باعث آئے روز حادثات پیش آنا معمول بن چکا ہے ، جس سے شہریوں کی جان و مال کو خطرات لاحق ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ضلعی و تحصیل انتظامیہ اور متعلقہ فورسز کی جانب سے محض زبانی انتباہ کے بجائے فوری اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ جہانیاں پل 14 اور نواحی علاقوں کے رہائشیوں، راہگیروں اور عوامی و سماجی حلقوں نے کمشنر ملتان، ڈپٹی کمشنر خانیوال اور اسسٹنٹ کمشنر جہانیاں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس عوامی مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تجاوزات ختم کرائی جائیں۔ اور چوک کو کشادہ و محفوظ بنایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال ہو اور شہریوں کو حادثات کے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments