سانحہ راولپنڈی، انٹیلی جنس اداروں نے پہلے آگاہ کر دیا تھا: رپورٹ

وزارت داخلہ نے سانحہ راولپنڈی کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی۔ رپورٹ کے مطابق انٹیلی جنس نے سات محرم کو ہی گڑ بڑ کا خدشہ ظاہر کر دیا تھا۔ سانحہ کے وقت کمشنر خالد مسعود اور ایس ایس پی زعیم اقبال شیخ شہر میں موجود ہی نہیں تھے۔ دوسری جانب پولیس انتظامیہ نے ہنگامہ آرائی کے دوران فرار ہونیوالے افسروں کوایک دوسرے کے علاقے میں تبدیل کر دیا۔

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے تیار کی گئی رپورٹ کے مطابق انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے مقامی انتظامیہ کو سات محرم کو ہی گڑ بڑ کے خدشے سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔ دس محرم کو جس وقت سانحہ پیش آیا کمشنر راولپنڈی خالد مسعود چودھری اور ایس ایس پی زعیم الرشید شیخ پنڈ دادنخان میں موجود تھے۔ دونوں افسران کے فون بھی بند تھے جس کے باعث پولیس کی آمد میں تاخیر ہوئی۔ دوسری جانب دنیا نیوز نے سانحہ عاشور پر پولیس افسران کی موقع سے فرار ہونے کی خبر نشر کی تو اشک شوئی کے لئے پولیس انتظامیہ بھی حرکت میں آ گئی لیکن انہی افسروں کو نواز دیا گیا۔ ایس پی راول ٹاؤن جماعت علی بخاری اور ایس پی سی آئی اے چوہدری حنیف ہنگامہ آرائی کے دوران موقع سے بھاگ گئے تھے۔ ان کیخلاف ایکشن لینے کے بجائے جماعت علی کو ایس پی سی آئی اے لگا دیا گیا جبکہ چوہدری حنیف کو اُن کی جگہ ایس پی راول ٹاؤن تعینات کر دیا گیا ہے۔ ادھر ایس ایس پی زعیم اقبال شیخ اور سی پی او بلال صدیق کمیانہ کواو ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔ راولپنڈی پولیس کے ایس ایس پی سیکورٹی دار علی خٹک کو بھی تبدیل کر دیا گیا ان کی جگہ عمر اختر لالیکا نے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ واقعہ کی تحقیقات کیلئے انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ کے ماہر دو ایس پیز رانا شاہد اور راجہ بشارت کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...