بگ تھری کرکٹ پر قبضے کی سازش میں کامیاب

بگ تھری کرکٹ پر قبضے کی سازش میں کامیاب ہو گئے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز مان لیں۔ آئی سی سی کے اہم عہدوں تینوں بورڈز میں بانٹے جائیں گے۔

دبئی: (دنیا نیوز) تین نام نہاد بڑوں نے کرکٹ پر قبضے کی سازش تیار کی اور پھر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے اپنی بات منوانے میں بھی کامیاب ہو گئے۔ بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی جانب دی گئی تجاویز میں سب سے اہم نکتہ آئی سی سی پر کنٹرول حاصل کرنے کا تھا اور انہوں نے نئی ایگزیکٹو کمیٹی میں اپنی مستقل رکنیت اور آئی سی سی کے اہم عہدوں پر اپنی نامزدگیوں کا مطالبہ کیا تھا۔ کرکٹ کونسل کے ارکان ان تینوں بورڈز کو سب اختیارات سونپنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔ آئی سی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی اور فنانس کمیٹیوں کی تشکیل نو کی جائے گی، ان میں پانچ ممبر ہوں گے۔ بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کو مستقل ممبر شپ دی جائے گی۔ دو سال کے لیے آئی سی سی بورڈ کی چیئرمین شپ بھارت، ایگزیکٹو کمیٹی آسٹریلیا اور فنانس کمیٹی کی انگلینڈ کو ملے گی۔ ارکان نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ آئی سی سی کو مضبوط قیادت کی ضرورت ہے جس میں بھارت کو مرکزی ذمہ داری دی جائے گی۔ بگ تھری نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے لیے خصوصی مراعات مانگی تھیں اور آئی سی سی ارکان نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ بھارت، آسٹریلیا ، انگلینڈ اور ویلز بورڈز کے سوا باقی سب مستقل ارکان میں ٹیسٹ کرکٹ فنڈ مساوی تقسیم کیا جائے گا۔ بگ تھری نے مطالبہ کیا تھا کہ ملکوں کے درمیان سیریز کے فیصلے میں آئی سی سی کا کرادار ختم کیا جائے۔ آئی سی سی نے اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارتے ہوئے یہ بات بھی مان لی ہے اور اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اب دو ملک باہمی رضامندی سے سیریز طے کریں گے اور قانونی طور پر اس کے پابند ہوں گے۔ بگ تھری نے مجوزہ عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی جگہ 2017ء اور 2021ء میں چیمپئنز ٹرافی کرانے کی بھی تجویز دی تھی۔ آئی سی سی نے یہ بات بھی مان لی ہے۔ دنیا بھر کے ماہرین بگ تھری کی تجاویز کو کرکٹ کی تباہی قرار دے رہے تھے۔ کرکٹ کے سب سے بڑے ادارے آئی سی سی نے ہی بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کو اپنا سب کچھ سونپ کر اس پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔ آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے پہلے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاء اشرف اور کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ ویلی ایڈورڈز کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیف سری نواسن نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو دھمکاتے ہوئے کہا کہ اگر بگ تھری کو ووٹ نہ دیا تو ایشیا کپ اور ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کریں گے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ہیڈ کوارٹرز دبئی میں ہونیوالے آئی سی سی کے اجلاس میں "بگ تھری" کی حمایت اور مخالفت کے لیے جوڑ توڑ کرنے کی کوششیں کی گئیں۔ انتظامی اور مالی سرداری بلکہ اجارہ داری کے لیے "قبضہ گروپ" کو اپنے مطالبات منوانے کے لیے دس میں سے آٹھ ووٹ درکار تھے۔ اسی حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاء اشرف اور کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ ویلی ایڈورڈز کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس سے ماحول گرم جبکہ دنیا بھر کا میڈیا میں گرما گرم خبریں سرگرم ہو گئیں۔ پاکستان کے ساتھ جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور بنگلہ دیش پر مشتمل ممالک پر متحارب گروپ کھل کر سامنے آیا۔ دوسری جانب بی سی سی آئی کے چیف سری نواسن نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو دھمکاتے ہوئے کہا کہ اگر بگ تھری کو ووٹ نہ دیا تو ایشیا کپ اور ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں