بلاول بھٹو نے ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی پیشکش کر دی

پاکستان

کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی پیشکش کر دی۔ انہوں نے کہا ایم کیو ایم پی ٹی آئی سے اپنا اتحاد توڑے، اس حکومت کو گرا دو، ہم آپ کا ساتھ دیں گے، متحدہ کے پاس جتنی وفاق میں سیٹیں ہیں کراچی میں دینے کو تیار ہیں، عمران خان اور ان کی حکومت کو گھر جانا ہوگا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پیپلزپارٹی کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ لوگوں کو نکالنا ظلم ہے، پیپلز پارٹی وفاق کے اس اقدام کی مذمت کرتی ہے، غریب طبقے کیلئے دن بدن مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں، حکومتی اقدامات غریب دشمنی کی علامات ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا ملک کی معاشی صورتحال بہت خطرناک ہے، سخت سردی میں لوگوں کو بے دخل کرنا ظلم ہے، وفاق کی گیس پالیسی کی مذمت کرتے ہیں، وفاق اس گیس پالیسی سے مستحکم نہیں ہوگا، ملک کے عوام مسائل میں گھرے ہیں، گیس معاملے پر بیان بازی کرنے والے وزرا استعفیٰ دیں۔

اس سے قبل بلاول بھٹوزرداری نے کراچی کے 4 منصوبوں کا افتتاح کیا جو ایک ارب 74 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیے گئے۔ کورنگی ڈھائی نمبر پر 33 کروڑ روپے لاگت سے پل تعمیر کیا گیا، کورنگی 5 نمبر پر 33 کروڑ 40 لاکھ کی لاگت سے ایک پل بنایا گیا۔ اسی طرح حیدر علی انڈر پاس کی تعمیر پر 66 کروڑ روپے خرچ کئے گئے جبکہ کینٹ سٹیشن کے اطراف سڑکوں کی تعمیرات پر 42 کروڑ خرچ ہوئے۔

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں