حوثیوں کے سعودی عرب پر میزائل حملے, ایک جاں بحق

حوثیوں کے سعودی عرب پر میزائل حملے, ایک جاں بحق

ریاض میں تباہ شدہ میزائل کے ٹکڑے لگنے سے دو افراد زخمی بھی ہوئے ، اتحادی افواج نے 7میزائل فضا میں تباہ کر دئیے ، 3 میزائلوں کا رخ ریاض ،2 کا خمس مشائط، 2 کا نجران کی طرف تھا سعودی عرب کی سالمیت اور حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے ان کے ساتھ ہیں، پاکستان، حوثی باغیوں کے اقدام کی شدید مذمت، کویت کا سلامتی کونسل سے فوری حرکت میں آنے کا مطالبہ

ریاض / صنعا / اسلام آباد/ کویت سٹی(دنیا مانیٹرنگ، نیوز ایجنسیاں، نمائندہ خصوصی) یمنی حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملے میں ایک شخص جاں بحق، جب کہ2زخمی ہو گئے ۔ اتحادی افواج نے سعودی سرزمین پر داغے جانے والے 7 میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، پاکستان نے میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کی سالمیت، خودمختاری اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے ان کے ساتھ ہیں، پاکستانی حکومت اور عوام سعودی عرب کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی زیر قیادت لڑنے والی اتحادی افواج نے کہا کہ انہوں نے یمن میں حوثی باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقے سے سعودی سرزمین پر داغے جانے والے 7میزائل فضا میں تباہ کر دئیے ۔ ان میں سے 3 میزائلوں کا رخ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی جانب تھا، جن سے ایک شخص جاں بحق اور 2زخمی ہو گئے ۔ اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ اس کے علاوہ دو میزائل خمس مشائط اور دو ہی نجران پر پھینکے گئے ، تاہم ساتوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا۔ ریاض کے شہری دفاع کے ترجمان میجر محمد الحمادی کے مطابق ریاض کے مختلف رہائشی علاقوں میں تباہ شدہ میزائلوں کے ٹکڑے آ گرے ، جن سے ایک شخص ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے ۔ ترجمان کے مطابق ان تینوں افراد کا تعلق مصر سے تھا۔گزشتہ روز سعودی اتحاد کی یمن میں فوجی کارروائیوں کے تین سال پورے ہو گئے ۔ حوثی باغیوں نے کہا ہے کہ وہ کئی علاقوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جن میں ریاض کا بین الاقوامی ہوائی اڈا بھی شامل ہے ۔ اتحادیوں کا الزام ہے کہ ایران حوثی باغیوں کی پشت پناہی کر رہا ہے ، جب کہ ایران اس کی تردید کرتا ہے ۔ترکی المالکی نے کہا کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ کا یہ جارحانہ عمل ثابت کرتا ہے کہ ایرانی حکومت اس مسلح تنظیم کی عسکری حمایت جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متعدد بیلسٹک میزائل فائر کرنا ایک سنگین پیش رفت ہے ۔ریاض میں عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ انہوں نے فضا میں دھماکے سنے اور دھواں دیکھا۔ ادھر کویت نے سعودی عرب پر کیے جانے والے میزائل حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے ۔ کویتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حوثی امن کے ہر موقع کو سبوتاژ کر رہے ہیں۔ ترجمان نے عالمی برادری بالخصوص سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی عرب پر حملوں کو روکنے کے لیے فوری طور پر حرکت میں آئے ۔ سعودی عرب اپنے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے جو بھی اقدامات کرے گا، کویت ان کی حمایت کرتا ہے ۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے بھی سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے میزائل حملوں کی شدید مذمت کی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں